حیدرآباد۔29دسمبر(راست) مولانا محمد خواجہ شریف شیخ الحدیث جامعہ نظامیہ نے مظہر قادری فاؤنڈیشن کے سالانہ جلسہ سے اردو گھر مغل پورہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان خیر امت ہیں۔ جو اچھے کاموں کی طرف بلاتے اور برے کاموں سے روکتے ہیں۔ قرآن مجید کی آیت کی روشنی میں مسلمان ہی حقیقتاً فلاح اور خیر کے کاموں کو پورا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ خیر امت کا یہ بلند منصب و ذمہ داری حضور اکرمؐ کے اکرام سے ہمیں نصیب ہوئی۔ مولانا سید شاہ اولیاء حسینی مرتضیٰ پاشاہ قادری نے کہا کہ امت مسلمہ کو خیر امت ہونے کے تقاضوں کو پورا کرنا ہوگا۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ نگاہوں کی حفاظت کریں اور حرام لقموں سے بچیں۔ ایک حرام لقمہ 40 دن کی عبادت کو ضائع کرتا ہے۔ انہوں نے مختلف احادیث کی روشنی میں حضور اکرمؐ و اہل بیت اطہارؓ اور صحابہ کرامؓ کے گھر اور باہر کے سلوک پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر عقیل ہاشمی سابق صدر شعبہ اردو جامعہ عثمانیہ نے کہا کہ قرآن کی پہلی آیت جو نازل ہوئی وہ ہمیں علم سیکھنے کی دعوت دیتی ہے۔ جناب
مقبول علی وارثی سابق سیشن جج نے مولانا مظہر قادری سے اپنے دیرینہ روابط پر روشنی ڈالی۔ مولانا سید قبول بادشاہ قادری شطاری نے کہا کہ پولیس ایکشن کے بعد ملت کی تعمیر نو کا بیڑہ جن لوگوں نے اٹھایا تھا ان میں جناب سید مظہر الحق قادری بھی شامل تھے اور وہ حضرات کامیاب بھی ہوئے۔ مولانا سید خلیل پاشاہ قادری زرین کلاہ حال مقیم امریکہ و مولوی سید سراج پاشاہ قادری زرین کلاہ حال مقایم مسقط نے تعلیمی انعامات تقسیم کئے۔ مولانا سید ابراہیم قادری فاروق پاشاہ زرین کلاہ سرپرست فاؤنڈیشن نے خیر مقدمی تقریر کی اور فاؤنڈیشن کے اغراض و مقاصد بیان کئے۔ حافظ و قاری غلام احمد نیازی نے قرأت اور قاری انیس احمد نے نعت سنائی۔ سید اسحاق قادری زرین کلاہ معتمد فاؤنڈیشن نے کارروائی چلائی۔ سید اسمعیل قاری نے انتظامات کئے۔ جلسہ میں شرکت کرنے والوں میں ڈاکٹر محمد مشتاق علی ‘ مولانا سید صفی اللہ حسینی قادری‘ مولانا سید سمیع اللہ حسینی بندہ نوازی‘ قاضی زین العابدین‘ جناب طاہر اور مولانا شیخ سالم باوزیر نے بھی شرکت کی۔